کرناٹک کے کئی سرکاری افسران کے ٹھکانوں پر چھاپے

   

بنگلور۔ 31 مئی (یواین آئی) کرناٹک لوک آیوکت حکام نے ہفتہ کو ریاست کے کئی اضلاع میں آمدنی سے زائد اثاثوں کے معاملے میں سرکاری افسران سے منسلک مقامات پر چھاپے مارے ۔ بیلاگاوی میں پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ہنومنترائے کی قیادت میں ایک ٹیم نے دیوراج ارس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ضلعی منیجر سدھلنگپا باناسی سے منسلک تین مقامات پر تلاشی لی۔ حکام نے بتایا کہ ودیانگر اور بیککیری گاؤں میں واقع املاک پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ دھارواڑ میں لوک آیوکت حکام نے شہر میں کے سی ڈی گنپتی مندر کے قریب واقع پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ (پی ڈبلیو ڈی) کے چیف انجینئر ایچ سریش کے رہائشی اور دفتری مقامات پر چھاپہ مارا۔ اس کے علاوہ، کلبرگی میں بلاری اور کلبرگی لوک آیوکت یونٹس کی ٹیموں نے بلاری میں پی ڈبلیو ڈی کے ایگزیکٹو انجینئر امین مختار سے منسلک کئی احاطوں کی تلاشی لی اور حسین گارڈن میں ان کے گھر اور ایشون مال میں ایک اپارٹمنٹ کی تلاشی لی گئی۔