کرناٹک :17 باغی ارکان اسمبلی نااہل لیکن ضمنی انتخابات لڑنے کی اجازت

,

   

انتخابات لڑنے کی اجازت سے کرناٹک کی سیاست دلچسپ، برسر اقتدار بی جے پی کو کم از کم 6 نشستوں کا حصول لازمی

نئی دہلی۔ نومبر(سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے کرناٹک کے 17 باغی ممبران اسمبلی کو نااہل قرار دیئے جانے والے فیصلے کو جائز ٹھہرایا، لیکن انہیں اسمبلی کے ضمنی انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔ جسٹس این وی رمن کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے باغی ارکان اسمبلی کی درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اسمبلی اسپیکر کے رمیش کمار کی طرف سے باغی ارکان اسمبلی کو نااہل ٹھہرانے کا فیصلہ درست تھا۔عدالت نے واضح کیا کہ پوری مدت کے لئے نااہل ٹھہرانے کا اسپیکر کا فیصلہ مناسب نہیں تھا۔عدالت نے باغی ارکان اسمبلی کو اسمبلی ضمنی انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے اس معاملہ میں گزشتہ 25 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سبھی 17 نااہل ارکان اسمبلی 5 دسمبر کو ہونے والے الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔ جسٹس این وی رمن، جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس کرشن مراری کی تین رکنی بینچ نے ان نااہل قرار دئیے گئے ارکان اسمبلی کی عرضیوں پر 25 اکتوبر کو سماعت مکمل کی تھی۔اسمبلی اسپیکر رمیش کمار نے اسمبلی میں ایچ ڈی کمار سوامی کی اعتماد کی تجویز سے پہلے ہی 17 باغی ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا تھا۔ اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہنے پر کمار سوامی حکومت نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ بی جے پی کے بی ایس یدی یورپا کی قیادت میں ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل ہوئی تھی۔ ان ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دئیے جانے کی وجہ سے 17 میں سے 15 سیٹوں کے لئے 5 دسمبر کو ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔