کرنول ضلع کے سری سیلم پروجیکٹ میں آبی سطح میں بتدریج اضافہ

   

حیدرآباد۔ کرناٹک اور دریائے کرشنا کے آبگیر علاقوں میں مسلسل بارش کے نتیجہ میں اے پی کے کرنول ضلع کے سری سیلم پروجیکٹ میں آبی سطح میں بتدریج اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔اس ریزروائر میں جورالہ پروجیکٹ سے 78,899 کیوزک پانی آیا جبکہ ہندری نیوا پروجیکٹ سے 1100کیوزک پانی اس پروجیکٹ میں آیا۔موجودہ طورپر سری سیلم پروجیکٹ کی سطح 820.20فیٹ درج کی گئی۔اس کی ٹی ایم سی میں آبی گنجائش 40.9904 ہے ۔سری سیلم ریزروائر کی مکمل سطح آب 885فیٹ اور215ٹی ایم سی ہے ۔حکام نے کہا کہ اگر پانی اسی طرح مسلسل آتا رہا تو یہ ریزروائر اندرون دس دن لبریز ہوجائے گا۔دوسری طرف الماٹی ڈیم میں 27000کیوزک پانی کا بہاو درج کیاگیا جس کے بعد اس سے 46ہزار کیوزک پانی چھوڑا گیا۔اسی طرح نارائن پور ڈیام سے 45000کیوزک پانی چھوڑا گیا۔دریائے کرشنا میں پانی کے بہاو میں مسلسل اضافہ کے ساتھ ہی اپر اور لوور جورالہ ہائیڈرو پاور پلانٹس میں بجلی کی پیداوار شروع کردی گئی ہے ۔