کرپشن کا دور ختم ، اچھی حکمرانی شروع: نقوی

   

نئی دہلی ۔ 17ستمبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج کہاکہ بدعنوانوں کا دور ختم ہوچکا ہے اور اچھی حکمرانی ، سب کی ترقی اور غریبوں کی خدمت کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی کی سالگرہ کے موقع پر رامپور میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے کہاکہ جب لوگوں نے پانچ سال قبل نریندر مودی کو خطِ اعتماد دیا تھا تب کرپشن کے چمپیئنس کا پورے سسٹم پر غلبہ تھا اور درمیانی آدمی (دلال) متوازی حکومت چلارہے تھے لیکن اب کرپشن کے چمپیئنس ، اقتدار کے دلال اور کمیشن کھانے والے درمیانی لوگ جیل میں ہیں یا جیل کے باہر اپنی باری کاانتظار کررہے ہیں۔ وزیراقلیتی اُمور کے حوالے سے اُن کی دختر نے بتایا کہ نقوی نے کہاکہ بدعنوان لوگوں میں بے چینی صاف جھلک رہی ہے اور مثبت ماحول اور شفاف نظام پیدا ہوا ہے ۔ سینئر بی جے پی لیڈر نے کہاکہ وزیراعظم مودی نے اچھی حکمرانی اور غریبوں کی خدمت اپنے وعدے کی تکمیل کی ہے ۔