کرکٹ پر آن لائن سٹہ کا ریاکٹ بے نقاب ، چار افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : اسپیشل آپریشن ٹیم مادھا پور زون نے آن لائن کرکٹ سٹہ کے ایک ریاکٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ اصل سرغنہ اور دیگر افراد مفرور بتائے گئے ہیں ۔ ایس او ٹی مادھا پور نے ایک خفیہ اطلاع پر گچی باولی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سلور کی او یو لارج پر دھاوا کیا جہاں ایک کمرے میں آن لائن کرکٹ کا سٹہ چلایا جارہا تھا۔ پولیس نے اس کارروائی میں ایم بسوراج 26 سال ساکن پریم نگر حفیظ پیٹ 23 سالہ امن چودھری ساکن کنڈاپور گچی باولی ، 31 سالہ روی ساکن کنڈاپور 20 سالہ منی کنٹہ ریڈی ساکن شیلہ پور کو گرفتار کرلیا جب کہ جیتوشرما اور ایم اجے ساکنان حفیظ پیٹ مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 1,84,398 روپئے رقم جو مختلف بنک اکاونٹس میں پائی گئی کے علاوہ 5 سیل فون ضبط کرلیے اور مزید کارروائی کے لیے انہیں گچی باولی پولیس کے حوالے کردیا ۔۔ ع