کرکٹ پر سٹہ بازی کا ریاکٹ بے نقاب ، تین سٹہ باز گرفتار 

,

   

حیدرآباد : ٹاسک فورس پولیس نے کرکٹ پر سٹہ بازی کے ایک ریاکٹ کوبے نقاب کرتے ہوئے تین سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ ۳۵؍ سالہ سشیل سنگھ نے اپنے چھوٹے بھائی ۳۲؍ سالہ نرین سنگھ اور ایک ساتھی سندیپ کمار کی مدد سے گذشتہ سال سے شہر میں کرکٹ پر سٹہ بازی کا ریاکٹ چلا رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق منگل ہاٹ جھنگور بستی میں واقع اپنے مکان میں سشیل سنگھ ٹیلی ویژن سیٹ پر بگ بیاش لیگ 2018-19پر سٹہ وصول کررہا تھا ۔ اس با ت کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے مذکورہ تین افراد کو گرفتا رکرلیا او ران کے قبضہ سے دو لاکھ بیس ہزار نقد رقم ، ایک ایل ای ڈی ٹی وی سیٹ ، سیٹ اپ باکس او رسٹہ میں استعمال کی جانے والی دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس ٹاسک فورس مسٹر پی رادھا کشن راؤ نے کہا کہ اس ٹولی کا اصل سرغنہ سشیل سنگھ ہے جو اپنے چھوٹے بھائی نرین سنگھ اور سندیپ کمار کو ہر ماہ ۱۰؍ ہزار روپے بطور تنخواہ دیا کرتا تھا او ران کی مدد سے شہر میں خفیہ طور پر سٹہ بازوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے ذریعہ ریاکٹ چلایا کرتا تھا ۔