کرکٹ پر سٹہ بازی کا ریاکٹ بے نقاب

   

تین سٹہ باز گرفتار ، نقد رقم و دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد 7 جنوری (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے کرکٹ پر سٹہ بازی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین سٹے بازوں کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 35 سالہ سشیل سنگھ نے اپنے چھوٹے بھائی 32 سالہ نرین سنگھ اور ایک ساتھی سندیپ کمار کی مدد سے گزشتہ ایک سال سے شہر میں کرکٹ پر سٹے بازی کا ریاکٹ چلا رہا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ منگل ہاٹ جھنگور بستی میں واقع اپنے مکان میں سشیل سنگھ ٹیلی ویژن سیٹ پر بگ بیاش لیگ 2018-19 پر سٹہ وصول کررہا تھا۔ اِس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس پولیس نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے مذکورہ تین افراد کو گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے دو لاکھ 20 ہزار نقد رقم، ایک ایل ای ڈی ٹی وی، سیٹ اپ باکس اور سٹے میں استعمال کی جانے والی دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر پی رادھا کشن راؤ نے کہاکہ اِس ٹولی کا سرغنہ سشیل سنگھ ہے جو اپنے چھوٹے بھائی نرین سنگھ اور سندیپ کمار کو ہر ماہ 10 ہزار روپئے بطور تنخواہ دیا کرتا تھا اور اُن کی مدد سے شہر میں خفیہ طور پر سٹے بازوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے ذریعہ یہ ریاکٹ چلارہا تھا۔