حیدرآباد : سکندرآباد میں پیش آئے واقعہ میں کرکٹ کھیلنے کے دوران ایک نوجوان اچانک فوت ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والا ویریندر نائک جو ایچ ایس بی سی بینک کا ملازم تھا ، سکندرآباد ماریڈ پلی ، جی ایچ ایم سی گراؤنڈ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ کھیل رہا تھا ۔ ویریندر نائک اوپنر بلے باز کی حیثیت سے 55 رنز بنانے کے بعد آوٹ ہوگیا۔
پویلین واپس لوٹنے کے دوران وہ اچانک گرپڑا اور فوت ہوگیا۔ نائک کے ساتھیوں نے اسے فوری دواخانہ منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ ماریڈ پلی پولیس نے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل مردہ خانہ منتقل کیا ۔ تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ ویریندر نائک دو ماہ سے قلب کے عارضہ کا شکار تھا اور علاج چل رہا تھا ۔ کرکٹ کے دوران مسلسل بھاگ دوڑ کے نتیجہ میں اسکے قلب پر حملہ ہوا اور موت واقع ہوگئی۔