70 لاکھ میٹرک ٹن خریدی کا نشانہ، 50 لاکھ میٹرک ٹن کی تکمیل، 1739 مراکز کا قیام
حیدرآباد 16 مئی (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائز اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ تلنگانہ سکریٹریٹ میں منعقدہ اِس ویڈیو کانفرنس میں وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ربیع اور خریف سیزن میں کسانوں سے دھان کی خریدی پر ضلع کلکٹرس سے تفصیلات حاصل کی گئیں۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری ڈی ایس چوہان نے بھی ضلع کلکٹرس کو دھان کی خریدی کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ربیع سیزن میں تلنگانہ میں ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے اور 60.14 لاکھ ایکر اراضی پر دھان کی پیداوار کی گئی۔ اُنھوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 129.35 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی ہے اور حکومت نے 70.13 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست بھر میں ابھی تک 50 لاکھ میٹرک ٹن دھان کسانوں سے خریدی گئی۔ ربیع سیزن 2023ء میں 15 مئی تک 25 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کی گئی تھی اور جاریہ سال اِسی سیزن میں 15 مئی تک 50 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی خریدی کا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست بھر میں 8348 خریدی مراکز قائم کئے گئے۔ 2021-22ء سے تقابل کیا جائے تو 1739 اضافی مراکز قائم کئے گئے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ حکومت کسانوں کی بھلائی کے حق میں سنجیدہ ہے۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ دھان کی خریدی مراکز کا شخصی طور پر جائزہ لیں۔ اُنھوں نے عہدیداروں سے کہاکہ آئندہ 10 تا 12 دنوں تک دھان کی خریدی کا عمل جاری رکھا جائے اور اِس سلسلہ میں عہدیدار چوکس رہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اپوزیشن کی جانب سے دھان کی خریدی کے سلسلہ میں گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ ضلع واری سطح پر تفصیلات جاری کرتے ہوئے پروپگنڈہ کا جواب دیں۔ وزیر سیول سپلائز نے کہاکہ تلنگانہ حکومت کسانوں کے قرض معافی، پیداوار پر اقل ترین امدادی قیمت اور دھان پر فی کنٹل 500 روپئے بونس کی ادائیگی کے ذریعہ کسانوں کی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے میں اہم رول ادا کررہی ہے۔1