کسانوں کو راحت دینے آوارہ مویشیوں کی رپورٹ حکومت کے حوالے

   

متھرا: 15 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں آوارہ مویشیوں کی پریشانی سے کسانوں کو نجات دلانے کے لئے تشکیل شدہ اعلی سطحی کمیٹی نے اپنی رپورٹ حکومت کو سونپ دی ہے ۔کمیٹی کے سربراہ اور دین دیال ویٹرنری یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ایم ایل پاٹھک نے منگل کو بتایا کہ رپورٹ میں کچھ عارضی اور کچھ مستقل تجاویز محکمہ ویٹرنری کے چیف سکریٹری سدھیر بوبڑے کو گذشتہ سات جنوری کو دیے گئے تھے ۔ حکومت کو دی گئی رپورٹ میں درج تجاویز نہ صرف یہ کہ عملی ہیں بلکہ خود کفیل اور مستحکم بھی ہیں جس سے دوسری ریاستیں بھی اس سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دیے گئے تجاویز میں ہر ضلع میں چارہ بینک بنوانے کی تجویز پیش کی گئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے جہاں ریاست میں چارے کی کمی پوری ہوسکے گی وہیں اس کی قیمتوں پر قابو رکھنا بھی ممکن ہوگا۔ مشین کے ذریعہ چارہ بنا کر ان کو گوداموں میں اسی طرح سے رکھنے کی تجویز ہے جس طرح سے اناج ویئر ہاوسیز میں رکھا جاتا ہے ۔