کسانوں کی تائید میں کانگریس پارٹی کا آج راج بھون گھیراؤ

   


لمبنی پارک پر جمع ہونے کی اجازت، گورنر کو یادداشت پیش کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد: آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر کل 19 جنوری کو کانگریس پارٹی راج بھون گھیراؤ احتجاجی پروگرام منظم کرے گی ۔ ملک بھر میں کسانوں کے احتجاج سے اظہار یگانگت اور پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف یہ احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ کانگریس قائدین اور کارکن صبح 11 بجے لمبنی پارک پر جمع ہوں گے اور ریالی کی شکل میں راج بھون روانہ ہوں گے۔ پولیس کی جانب سے راج بھون جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے اور امکان ہے کہ کانگریس قائدین اور کارکنوں کو روک دیا جائے گا ۔ گورنر سے ملاقات کیلئے چند قائدین کو اجازت دی جاسکتی ہے۔ اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو اور سرینواسن کرشنن احتجاج میں شریک ہوں گے۔ صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے علاوہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق پی سی سی صدور ، سابق سی ایل پی لیڈرس ، سابق وزراء ، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی شرکت کریں گے۔ پروگرام کے آرگنائزر سمپت کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے زرعی قوانین سے دستبرداری تک احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں دن بہ دن بڑھ رہی ہیں جس کے نتیجہ میں عوام پر بھاری بوجھ عائد ہوا ہے۔ مہنگائی کے اس دور میں پٹرول و ڈیزل قیمت میں اضافہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کا سبب بن رہا ہے ۔ مودی حکومت نے 100 دن میں قیمتوں پر قابو پانے کا وعدہ کیا تھا ۔ سمپت کمار نے کہا کہ بعض کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے کسانوں کے مفادات کا سودا کیا گیا ہے ۔ دہلی میں گزشتہ 50 دن سے کسان احتجاج کر رہے ہیں لیکن حکومت مطالبات کی یکسوئی کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی زرعی قوانین سے دستبرداری تک احتجاج جاری رکھے گی۔