کسان جدوجہد جاری رہے گی:ٹکیت

   

نئی دہلی :کسان رہنما راکیش ٹکیت نے جمعرات کو کہا کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہے گی اور ملک ، گاؤں کی ترقی کے راستے سے ہی ترقی کر سکتا ہے ۔ ٹکیت نے سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کو‘یوم کسان ’کے موقع پر سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم پر یاد کیا۔ انہوں نے کہا، ‘جدوجہد بلاتعطل جاری رہے گی’۔ انہوں نے سابق وزیراعظم چرن سنگھ کے اس بیان کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے کہا تھا،‘ملک کی ترقی کا راستہ دیہاتوں سے ہو کرگذرتا ہے ’۔ ٹکیت نے اس پوسٹ کے ذریعے آنجہانی چودھری چرن سنگھ کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک تصویر جاری کی۔ انہوں نے لکھا، ‘ہم چودھری چرن سنگھ جی کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کے لیے پرعزم ہیں۔ ملک کے کسانوں کے حقوق کے لیے جدوجہد انتھک جاری رہے گی۔ یہ ان کے لیے حقیقی خراج عقیدت ہوگا‘۔