کسان لیڈر رامپال جاٹ دہلی جانے سے پہلے گرفتار

   

جے پور: کسان مہاپنچایت کے قومی صدر رامپال جاٹ کو کم سے کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر خریداری کی گارنٹی کا قانون بنانے کا مطالبہ کرنے والے کسانوں کے پانچ سو ٹریکٹروں کے ساتھ دہلی کوچ کرنے سے قبل آج صبح ضلع اجمیر میں گرفتار کر لیا گیا۔کسان مہاپنچایت کے ریاستی یوتھ جنرل سکریٹری پنٹو یادو نے کہا کہ مسٹر رامپال جاٹ کا تعلق ضلع اجمیر کے ارائی سے ہے ۔وہ تقریباً 5.30 بجے سیل گاؤں میں کسانوں سے بات کر رہے تھے جب پولس نے انہیں گرفتار کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد پورے گاؤں میں غصہ پھیل گیا اور کسان اس کے خلاف متحد ہو کر احتجاج کرنے لگے ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ راجستھان کے کسان حکومت کے اس طرح کے دھوکے کو برداشت نہیں کریں گے ۔کسان مہاپنچایت کے یوتھ ریاستی صدر رامیشور پرساد چودھری نے کہا کہ پولس نے جاٹ کو گرفتار کر کے ان کا فون بند کر دیا۔ چودھری نے کہا کہ ایم ایس پی پر خریداری کی ضمانت دینے والا قانون بنانے اور کسانوں کے مقامی مسائل پر بدھ کے روز دہلی تک مارچ کرنے کی کال دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کسان گرفتاری کے خلاف ریاست میں ٹونک سمیت متعدد مقامات پر سڑکوں پر اتریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسان اپنے ٹریکٹروں کے ساتھ ہائی وے پر جائیں گے ۔