نئی دہلی: مرکزی حکومت یکم ؍ فبروری کو پیش کئے جانے والے بجٹ برائے مالی سال 2026ء میں انکم ٹیکس کیلئے ’’ویواد سے وشواس‘‘ کی طرح یک وقتی ایمنسٹی اسکیم متعارف کرنے پر غور کررہی ہے تاکہ کسٹمز کے معرض التواء تنازعات کا تصفیہ ہوجائے۔ ایک سینئر حکومتی عہدیدار نے شاخت مخفی رکھنے کی شرط پر کہا کہ کسٹمز کے تحت مجوزہ ایمنٹسی اسکیم کا مقصد ماضی کے بقایاجات کی ادائیگی میں سہولت پیدا کرنا، تنازعہ کی کشاکش کے بوجھ کو گھٹاتے ہوئے صنعتی شعبہ کو راحت فراہم کرنا ہے۔ مجوزہ اسکیم کے تحت درآمدکنندگان کو کسٹمز ایکٹ سے متعلق تنازعات کیلئے راحت حاصل ہوسکتی ہے، جس کا انحصار معاملے سے جڑی رقم پر ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ سود اور پنالٹی کی مکمل معافی بھی ہوسکتی ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ کسٹمز کے لگ بھگ 35,000 معاملے موجودہ طور پر مختلف عدالتوں میں زیرتصفیہ ہیں، جن سے تقریباً 50,000 کروڑ روپئے جڑے ہیں۔ معافی اسکیم پر عمل سے زیرتصفیہ معاملوں کو اس بوجھ میں قابل لحاظ کمی آسکتی ہے۔