کسی میں ہمت ہے کہ بیف کمپنی مالکین کو نام واضح کرنے کہیں ؟

   

سوشیل میڈیا پر اداکار پرکاش راج کا سوال ۔ یو پی حکومت پر بالواسطہ طنز
حیدرآباد 22جولائی ( سیاست نیوز ) اترپردیش میں آدتیہ ناتھ حکومت کی جانب سے کانوڑ یاترا کے راستہ پر ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کو مالکین اور ملازمین کے نام واضح طور پر تحریر کرنے کی ہدایت پر جو تنازعہ پیدا ہوا تھا اس پر سپریم کورٹ نے روک لگا دی ہے ۔ سپریم کورٹ نے آدتیہ ناتھ حکومت کے احکام پر حکم التواء جاری کردیا ہے ۔ تاہم یو پی حکومت کے احکام پر مختلف گوشوں سے شددے رد عمل ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ بی جے پی کے کٹر ناقد اداکار پرکاش راج نے اس پر اپنے انداز میں طنز کیا اور یہ سوال کیا کہ آیا کسی میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ بیف ایکسپورٹ کرنے والی کمپنیوں کے مالکین کو بھی اپنا نام ذات اور مذہب واضح کرنے کی ہدایت دیں گے ؟ ۔ واضح رہے کہ ملک میں تمام بڑی بیف ایکسپورٹ کرنے والی کمپنیوں کے مالکین غیر مسلم ہیں اور انہوں نے کمپنیوں کے نام بھی مسلم طرز کے رکھے ہوئے ہیں۔ یہ الزام بھی ہے کہ ان کمپنیوں نے بی جے پی کو الیکٹورل بانڈز کی شکل میں بھاری چندہ دیا ہے ۔ پرکاش راج کا یہ ٹوئیٹ سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور عوام نے اسے ری ٹوئیٹ بھی کیا ہے ۔ کچھ صارفین نے حکومت سے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ پٹرول پمپس پر بھی یہ واضح کردیں کہ پٹرول کہاں سے آرہا ہے تاکہ عوام کی آستھا کو ٹھیس نہ پہونچنے پائے ۔