کشمیرمیں ’ ویک اینڈ‘ لاک ڈاون جاری، بازاروں میں سناٹا

   

سری نگر: وادی کشمیر میں اتوار کے روز بھی ‘ویک اینڈ ’ لاک ڈاون نافذ رہنے سے ہر سو بازاروں میں سناٹا چھایا رہا اور کاروباری سرگرمیاں بھی ٹھپ ہو کررہ گئیں۔بتادیں کہ کورونا کی تیسری لہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ نے لگاتار دوسرے ہفتے بھی یونین ٹریٹری میں 64 گھنٹوں پر محیط لاک ڈاون نافذ کیا ہے ۔یہ لاک ڈاون جمعے کے دو بجے سے شروع ہو کر پیر کی صبح چھ بجے ختم ہوگا اور اس کا نفاذ ہر ہفتہاگلے احکامات صادر ہونے تک جاری رہے گا۔یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے اتوار کی صبح مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر کے تمام بازار بند ہیں اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بھی معطل ہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاون کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے کئی مقامات پر پولیس کے ناکے لگا دئے گئے ہیں اور اہم جگہوں پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری کو تعینات کردیا گیا ہے ۔