کشمیر:کورونا میں مبتلا سی آر پی ایف اہلکار سمیت دو افراد کی موت

   

سری نگر 8جون (سیاست ڈاٹ کام ) وادی کشمیر میں ایک سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اہلکار اور ایک عام شہری کی کورونا میں مبتلا ہوکر جان سے ہاتھ دھونے کے ساتھ جموں وکشمیر یونین ٹریٹری میں اس وائرس سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 43 ہوگئی ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں تعینات ایک سی آر پی ایف اہلکار کی شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر جبکہ ضلع سری نگر کے خانیار علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی ہسپتال برائے امراض سینہ ڈل گیٹ سری نگر میں موت واقع ہوئی ہے ۔سکمز صورہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر فاروق جان نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ اننت ناگ کے ارنہال علاقے میں تعینات اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے سی آر پی ایف کی 90 بٹالین سے وابستہ ایک 40 سالہ اہلکار کو یہاں 4 جون کو لایا گیا جس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور اس کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی سی آر پی ایف اہلکار سائنس لینے کی میں تکلیف کی بیماری سے بھی دوچار تھا۔بتادیں کہ وادی کشمیر میں یہ کسی سی آر پی ایف اہلکار کی کورونا میں مبتلا ہوکر موت واقع ہونے کا پہلا کیس ہے ۔