سری نگر:جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر میں اتوار کے روز نامعلوم وجوہات کی بناء پر سستی خریداری کے لئے مشہور سنڈے مارکیٹ بند رہا ۔اتوار کی صبح جب سینکڑوں بنڈی ران اپنا سامان فروخت کرنے کے لئے ٹی آر سی کراسنگ سے تاریخی لال چوک تک لگنے والے سنڈے مارکیٹ پہنچے تو وہاں پر اُنہیں اپنے ساتھیوں سے اطلاع ملی کہ آج سنڈے مارکیٹ کو بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔یو این آئی اردو نے جب سنڈے مارکیٹ کو بند رکھنے کی وجہ جاننے کے لئے ایک سینئر عہدیدار سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے وجہ ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر ایک بات میڈیا کے ساتھ شیئر نہیں کرسکتے ۔سنڈے مارکیٹ میں ہر اتوار کو اپنا سامان فروخت کرنے والے بنڈی رانوںکے ایک گروپ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ جب اتوار کی صبح یہاں پہنچے تو انہیں یہ کہتے ہوئے واپس جانے کے لئے کہا کہ ‘سنڈے مارکیٹ کو آج بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ‘۔ایک بنڈی ران نے یو این آئی ارد وکو بتایا کہ سنڈے مارکیٹ بند رہنے سے ہفتہ بھر کی محنت پر پانی پھرگیا ۔