کشمیری سیب کی قیمت میں گراوٹ، کاشتکاروں کو شدید مشکلات

   


نقصانات کی پابجائی کیلئے مرکزی حکومت سے اپیل

حیدرآباد۔6۔نومبر۔(سیاست نیوز) کشمیر کے سیب کی قیمت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کے سبب کاشتکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اب کاشتکاروں نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے وہ انہیں ہونے والے نقصانات کی پابجائی کے لئے مداخلت کرے ۔ ملک میں ہونے والی سیب کی پیداوار کا مجموعی 75 فیصد حصہ کشمیر میں پیدا ہوتا ہے لیکن سال گذشتہ 2021کے مقابلہ میں جاریہ سال کشمیری سیب کی قیمت میں 30 فیصد تک کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے جس کی کئی ایک وجوہات ہیں لیکن اس کے باوجود ریاستی انتظامیہ اور مرکزی حکومت کی جانب سے سیب کاشتکاروں کو ہونے والے نقصانات کی پابجائی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں جس کے نتیجہ میں انہیں شدید معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جاریہ سال ماہ ستمبر کے دوران وادی کے بیشتر علاقو ںمیں راستوں کے مسدود ہونے کے سبب سیب کی فروخت اور منتقلی کے موسم کے دوران سیب کو کشمیر کے باہر ریاستوں میں روانہ نہیں کیا جاسکا جس کے نتیجہ میں اب سیب کی قیمت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی جا رہی ہے جو کہ افسوسناک ہے۔ سیب کے کاشتکاروں کا کہناہے کہ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے کشمیری سیب کے کاشتکاروں کو نقصانات سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں ان کا فائدہ ہوتا بصورت دیگر انہیں آئندہ سال کے دوران شدید مالی مشکلات کا سامناکرنا پڑے گا۔ کشمیری پھلوں کے تاجرین بالخصوص سیب کے کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے ان کی پیداوار کو خرید کرملک کی دیگر ریاستوں میں فروخت کرنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں انہیں ہونے والے 30 فیصد تک کے نقصانات میں کچھ راحت حاصل ہوگی اور کشمیری کاشتکار جو مشکل حالات کا سامنا کررہے ہیں انہیں آئندہ سال کی پیداوار کے لئے مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا۔ بتایاجاتا ہے کہ ملک بھر میں جو سیب پیدا ہوتا ہے اس میں 75 فیصد سیب کشمیر سے ملک کی دیگر ریاستوںکو پہنچایا جاتا ہے اور سیب کی قیمت کے تعین کے سلسلہ میں کاشتکاروں کی جانب سے موسم اور آمد و رفت کے اخراجات کا جائزہ لینے کے بعد کیا جا تا ہے لیکن جاریہ سال ماہ ستمبر کے دوران خراب موسم کی وجہ سے کشمیر سے باہر نکلنے کے بیشتر تمام راستوں کے بند ہونے اور موسم میں پیدا ہونے والی خرابی کے سبب سیب کی قیمتوں میں گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔م