کشمیری پنڈت ہلاکت معاملہ جنگجو کی مدد کے الزام میں چارگرفتار

   

جموں: جموں وکشمیر پولیس نے کشمیری پنڈت کی ہلاکت میں ملوث جنگجو کے رہائشی مکان کو نہ صرف اٹیچ کیا ہے بلکہ ملی ٹینٹوں کی مدد و اعانت کے الزام میں سرگرم جنگجو کے والد اور اُس کے تین بھائیوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے ۔ منگل کے روز شوپیاں میں کشمیری پنڈت سنیل کمار کی ہلاکت میں عادل وانی نامی جنگجو ملوث ہے اور عینی شاہدین نے بھی اُس کی شناخت کی ہے ۔منگل کے روز شوپیاں کے چھوٹی گام علاقے میں کشمیری پنڈت سنیل کمار اور اُس کے بھائی پر فائرنگ کرنے والے جنگجو کی شناخت عادل وانی کے بطور ہوئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عینی شاہدین اور مہلوک سنیل کمار کے نزدیکی رشتہ داروں نے حملہ آور کی شناخت عادل وانی کے بطور کی جس کے بعد اُس کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ عادل وانی نے کشمیری پنڈت اور اُس کے بھائی پر فائرنگ کے بعد اپنے گھر میں پناہ حاصل کی۔ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد رات کو کٹی پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر جوں ہی مکان کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تو اسی اثنا میں عادل وانی نامی ملی ٹینٹ نے سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ سے حملہ کیا اور رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھا کر فرار ہوگیا۔