کشمیر شاہراہ پر لوگوں کو روکنے اور ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے : فاروق عبداللہ

,

   

پہلگام23جون (سیاست ڈاٹ کام ) نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر لوگوں کو روکنے اور ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود دیکھا کہ کس طرح قومی شاہراہ پر چلنے والی سویلین گاڑیوں کو روک کر ان میں سوار افراد کو ہراساں کیا جارہا تھا۔فاروق عبداللہ جو جنوبی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہلگام میں کھیلے جانے والے ایک گالف ٹورنامنٹ میں شرکت کی غرض سے آئے تھے ، نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا’میں ایک بات کہنا چاہتا ہوں جو بہت ضروری ہے ۔ میں کل جب یہاں آرہا تھا تو میں نے دیکھا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر لوگوں کو جگہ جگہ پر روکا جارہا تھا۔ یہ اچھی بات نہیں ہے ‘۔انہوں نے کہا’ملک میں کئی بھی لوگوں کو قومی شاہراہ پر روکا نہیں جاتا۔ مگر یہاں جو یہ کررہے ہیں انہیں ایسا کرنے سے باز آنا چاہیے۔ اور شاہراہ پر لوگوں کو بغیر کسی روک ٹوک کے چلنے دینا چاہیے ۔ لوگوں کو روکنا اور ہراساں کرنے کے سلسلے کو روکنا ضروری ہے ۔