کشمیر میںبرف باری ،میدانی علاقوں میں بارش

   

سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ادھر شبانہ برف باری کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ- گریز روڈ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا ہے تاہم وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں دوران شب برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔شمالی کشمیر میں بعض علاقوں میں جمعرات کی صبح تک کم سے کم چار انچ برف جمع ہوئی تھی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ، ٹنگمرگ اور بابا ریشی میں بھی برف جمع ہوئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ گلمرگ میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے اور ٹنگمرگ سے گلمرگ تک صرف ان ہی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی جن کے ٹائرز کو زنجیریں بندھی ہوں۔اطلاعات کے مطابق سادھنا ٹاپ پر قریب12 سینٹی میٹر برف جمع ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق جموں و کشمیر میں 24 دسمبر تک موسمی صورتحال خراب رہ سکتی ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم جوں کا توں رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وادی میں 26 اور27 دسمبر کو برفباری متوقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس دوران بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے ۔وادی میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں مزید بہتری درج ہوئی ہے ۔