مہلوکین میں جیش محمد کے 4 اور ایک پاکستانی شامل
سرینگر : کشمیر میں پیش آئے دو مختلف انکاؤنٹرس میں 5 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کشمیر کے اضلاع بڈگام اور پلوامہ میں 12 گھنٹوں کے اندر دو علحدہ انکاؤنٹرس ہوئے جس میں 5 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن میں جیش محمد کا ایک اعلیٰ کمانڈر بھی شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق پلوامہ ضلع کے نائرا علاقہ میں سیکوریٹی افواج کے ساتھ جھڑپ میں جیش محمد کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ بڈگام ضلع کے چرار شریف میں پیش آئے ایک اور انکاؤنٹر میں لشکرطیبہ کا ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا۔ انکاؤنٹر میں ہلاک دہشت گردوں کی زاہدوانی، وحید الریشی اور عنایت اللہ امیر کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق مہلوکین میں پاکستان کا بھی ایک دہشت گرد شامل ہے جس کی چھوٹو کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہیکہ وہ 2020ء سے علاقہ میں سرگرم تھا۔ زاہدوانی جیش محمد کا اعلیٰ کمانڈر سمجھا جاتا ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ اس گروپ کو سرحد پار سے سکرگڑھ اور کوٹلی کیمپس سے کنٹرول کیا جاتا تھا جس کی رات سے نگرانی قاضی زرار اور مولانا رؤف اظہر (مسعود اظہرکا بھائی) کررہے تھے۔ بھاری اسلحہ بھی ضبط ہونے کی اطلاع ہے۔ کشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس وجئے کمار نے عسکریت پسندوں کی ہلاکت کو سیکوریٹی فورسیس کی بڑی کامیابی بتایا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ ماہ 11 انکاؤنٹرس میں جملہ 21 عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے جن میں 8 کا تعلق پاکستان سے تھا۔