کشمیر میں انکاونٹر ‘ دو عسکریت پسند ہلاک

   

سرینگر 13 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے کلگام ضلع میں سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ انکاونٹر میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن میں البدر تنظیم کا اعلی کمانڈر زینت الاسلام بھی شامل ہے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کٹ پورا انکاونٹر میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں جو حزب المجاہدین سے البدر میں شامل ہوئے تھے ۔ ان دونوں کی زینت الاسلام اور شکیل احمد ڈالر کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے اور یہ دونوں کئی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے ۔ کہا گیا ہے کہ زینت الاسلام اعلی درجہ کا دہشت گرد تھا اور وہ حزب المجاہدین تنظیم سے ماہ نومبر میں البدر میں شامل ہوا تھا ۔ عہدیدار نے کہا کہ سکیوریٹی فورسیس نے کٹ پورا علاقہ میں علاقہ کی ناکہ بندی کرکے تلاشی مہم کا آغاز کیا تھا کیونکہ وہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی تھی ۔ جب فورسیس کی جانب سے تلاشی لی جا رہی تھی دہشت گردوں نے فائرنگ کردی ۔ جوابی فائرنگ میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن میں زینت الاسلام بھی شامل ہے ۔