کشمیر میں اگلے دو دنوں کے دوران موسم خشک رہے گا

   

سری نگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے دو دنوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کر دی ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی کشمیر میں اگلے دو دنوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا تاہم بعد ازاں موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے نتیجے میں برف وباراں متوقع ہے ۔ان کا کہنا تھا: ‘بعد میں 5 سے 8 نومبر تک وادی میں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی درج کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے ’ ۔موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی میں فی الوقت موسم بڑے پیمانے پر خراب ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔وادی میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئیں۔سری نگر میں گذشرہ چوبیس گھنٹوں کے دوران0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 0.2 ملی میٹر، پہلگام میں7.9 ملی میٹر اور گلمرگ میں 3.0 ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی ہے ۔ادھر وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر کمی واقع ہوئی ہے ۔گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب کے درجہ حرارت سے 2.6 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔