کشمیر میں برفباری کا سلسلہ شروع، کئی سڑکیں بند

,

   

سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں طویل خشک سالی کے بعد ہفتے کی علی الصبح سے برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا۔ محکمہ موسمیات نے ایک ہفتے قبل ہی وادی کشمیر میں برف و باراں کی پیش گوئی کی تھی اور باغ مالکان سے خصوصی طور پر اپیل کی تھی کہ وہ نقصان سے بچنے کے لئے درختوں سے پھل اتارنے اور کٹائی و دیگر امور کی انجام دہی میں کوئی تاخیر نہ کریں۔وادی کے پہاڑی علاقوں بشمول مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں ہفتے کی صبح پو پھوٹنے سے قبل ہی برف باری شروع ہوگئی ۔ ادھر برفباری کی وجہ سے سری نگر – لیہہ شاہراہ، تاریخی مغل روڈ اور بانڈی پورہ – گریز روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ ایک ٹریفک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ مین مرگ، دراس اور زوجیلا پر برف باری کی وجہ سے سری نگر – لیہہ شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دیا گیا اور پیر کی گلی میں برف باری ہونے سے مغل روڈ کو بند کر دیا گیا ہے۔وادی کے میدانی علاقوں میں ہفتے کی صبح سے ہی وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس سے اگرچہ سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا تاہم مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے شبانہ درج حرارت کی شدت میں نرمی درج کی گئی تھی۔