کشمیر میں مواصلاتی پابندیاں ہٹانے امریکی کانگریس کمیٹی کی اپیل

   

نئی دہلی8اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سیاحوں کو کشمیر چھوڑنے سے متعلق جاری ایڈوائزری کو ہٹانے کے جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک کی ہدایت کے کچھ ہی گھنٹوں بعد غیر ملکی معاملات کی امریکی کانگریس کمیٹی نے ہندوستان سے وادی میں ‘مواصلاتی پابندیوں’ کو ہٹانے کی یہ کہتے ہوئے اپیل کی ہے کہ اس سے لوگوں کی زندگی پر ‘تباہ کن اثرات’ مرتب ہو رہے ہیں ۔کمیٹی نے ٹویٹ کیا‘‘کشمیر میں ہندوستان کی مواصلاتی پابندیوں سے کشمیریوں کی روزمرہ زندگی پر تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ ہندوستانی کے لئے یہ وقت ان پابندیوں کو ہٹانے اور دیگر ہندوستانی شہریوں کی طرح ہی کشمیر یوں کو مساوی حقوق اور خصوصی مراعات فراہم کرنے کا ہے ۔ واضح ر ہے کہ مرکزی حکومت نے پانچ اگست کو جموں کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آرٹیکل 370 منسوخ کر دیا اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیا ۔ اس کے بعد سے کشمیر میں ہڑتال جاری ہے اور احتیاطی طور پر مواصلات کے ذرائع پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ ہندوستان ہمیشہ سے یہ کہتا آیا ہے کہ آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کا فیصلہ ہندوستان کا ’اندرونی معاملہ‘ ہے ۔