سری نگر: وادی کشمیر ہر موسم میں ایک منفرد و مختلف نظارہ پیش کرتی ہے اور موسم خزاں میں جب درختوں خاص کر بلند قامت چنار کے پتے رنگ بدل کر زمین پر گرجاتے ہیں تو ان دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے لئے بھی ملک کے ہی نہیں بلکہ دنیا کے اطراف و اکناف سے سیاح یہاں آتے ہیں۔ موسم خزاں میں جب پتے درختوں سے گرجاتے ہیں تو یہاں ہر سو زمین زرد چادر میں لپٹ جاتی ہے خاص کر وہ علاقے جہاں بلند قامت چنار کے درخت موجود ہیں۔تفریحی مقامات جیسے مغل باغات نشاط باغ، شالیمارباغ، چنار باغ اور نسیم باغ جہاں دیو قامت چنار کے درخت موجود ہیں ، میں نظارہ سب سے زیادہ دلکش و دلپذیر ہوتا ہے جس سے لطف اندوز ہونے کے لئے مقامی لوگوں کے علاوہ سیاحوں کا تاننا بندھا رہتا ہے ۔سیاح خاص کر غیر مقامی سیاح ان جگہوں کے نظاروں اور پتوں پر چلنے سے نکلنے والی پُر اثر موسیقی جیسی آوازوں سے محظوظ ہوجاتے ہیں۔بنارس سے تعلق رکھنے والی نیتی پانڈے نامی ایک سیاح جو ایک مصنفہ ہیں، نے یو این آئی کو بتایا کہ میں موسم خزاں کا ایسا نظارہ صرف بالی ووڈ کی فلموں میں دیکھا تھا۔انہوں نے کہا: ’زمین پر بچھے خوبصورت چنار درختوں کے پتے اپنی خوبصورتی کی مثال آپ ہیں اس دلکش نظارے کی کوئی دوسری مثال نہیں ہے ۔