کشمیر پر اجیت ڈوول کی امیت شاہ سے بات چیت

   

وادی میں 10 روزہ قیام کے بعد قومی سلامتی مشیر کی وزیرداخلہ سے ملاقات
نئی دہلی 19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کو جموں و کشمیر میں پیدا شدہ صورتحال سے واقف کروایا جہاں 5 اگسٹ سے پابندیاں نافذ ہیں۔ اجیت ڈوول وادی میں مسلسل 10 روز قیام کے بعد نئی دہلی واپس ہوئے ہیں جس کے بعد امیت شاہ سے یہ اُن کی پہلی ملاقات تھی۔ قومی سلامتی مشیر نے وزیرداخلہ کو جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال سے واقف کروایا۔ مرکزی معتمد داخلہ راجیو گاؤبا اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی اجلاس میں موجود تھے جس میں اس ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں نے کہاکہ جائزہ اجلاس میں جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں نافذ پابندیوں سے متعلق اُمور و مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جموں و کشمیر کو خصوصی موقف دینے والی دستوری دفعہ 370 کی 5 اگسٹ کو تنسیخ اور اس ریاست کو دو مرکزی زیرانتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے بعد وہاں مواصلاتی رابطوں اور عوام کی نقل و حرکت پر پابندی لگائی گئی تھی۔ تاہم ان دونوں علاقوں سے بتدریج پابندیاں اُٹھائی جارہی ہیں لیکن دیگر کئی حصوں میں یہ رکاوٹیں بدستور جاری ہیں۔