برلن : جرمنی کا کہنا ہے کہ کشمیر پر اس کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور اس پیچیدہ مسئلے کو ‘باہمی طور’ پر حل کیا جانا چاہئے۔ ہندوستان کا اصرار ہے کہ کشمیر معاملہ میں تیسرے فریق کے لیے کوئی کردار نہیں ہے۔ ہندوستان نے مسئلہ کشمیر کے حل میں اقوام متحدہ کو شامل کرنے کی جرمن اور پاکستانی وزرائے خارجہ کی حالیہ اپیل سختی سے مسترد کر دی تھی۔ ہندوستان میں جرمنی کے نئے سفیر فلپ ایکرمین نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے جرمنی کی کوئی نئی پالیسی نہیں ہے اور برلن اس معاملے پر ہمیشہ اپنے سابقہ موقف پر برقرار رہا ہے۔ خیال رہے کہ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک اور پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اس ماہ کی 7 تاریخ کو برلن میں ملاقات ہوئی تھی۔ اور دونوں قائدین نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کے تنازعہ کو حل کرنے کے لیے اقوام متحدہ سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی تھی۔