کشمیر کے حریت قائد مولوی عباس کا انتقال

   

سرینگر : تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے استصوابِ رائے کا مطالبہ کرنے والی کل جماعتی حریت کانفرنس کے شریک بانی اور سابق چیئرمین مولانا محمد عباس انصاری کی وفات پر ہندوستان اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں فضا سوگوار ہے۔ 86 سالہ مولانا محمد عباس انصاری طویل علالت کے بعد منگل کو سرینگر میں میں انتقال کرگئے۔ مولانا عباس نے نجف اشرف سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1962 میں عراق سے کشمیر واپسی پر انجمنِ اتحاد المسلمین جموں و کشمیر نامی تنظیم قائم کی تھی جس کا بنیادی مقصد شیعہ اور سنی مسلمانوں میں اتحاد کی جڑوں کو مضبوط کرنا تھا۔ وہ ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے سیاسی افق پر پوری طرح دسمبر 1963 میں نمودار ہوئے تھے جب سرینگر کی درگاہ حضرت بل میں موجود پیغمبرِ اسلام سے منسوب موئے مبارک کے چوری ہو جانے پر ریاست کے طول و عرض میں ایک احتجاج کا آغاز ہوا تھا۔ خاندانی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مرحوم عالم دین کچھ عرصہ سے علیل تھے اور گذشتہ دو دنوں سے ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔ انہوں نے کہا کہ منگل کی صبح وہ اپنی رہائش گاہ پر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔