کشمیر کے رام بن میں زمین دھنسنے سے تباہی، 350 افراد بے گھر

   

جموں: جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں زمین دھنسنے سے درجنوں مکانات تباہ ہو گئے۔ اس کے بعد ہفتے کے روز 350 سے زیادہ لوگوں نے اپنے گھروں کو چھوڑ دیا ہے اور کھلے مقامات پر رہ رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق رام بن گول سڑک پر واقع ایک گاؤں میں 30 مکانات مکمل طور پر اور 20 جزوی طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ 10 دیگر مکانات میں بڑی دراڑیں پڑ گئیں۔ان کے گھروں کی تباہی اور نقصان کے بعد یہ خاندان اب کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔ حکام ان 350 افراد کو خیمے، پینے کے پانی کی سہولیات، صحت کی دیکھ بھال، بیت الخلا، بستر وغیرہ فراہم کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ میں ذاتی طور پر صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ زمین کے دھنسنے کی وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی بحالی، امداد اور معاوضے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ رام بن کے ڈی سی بصیر الحق چودھری نے کہا کہ بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ رام بن گول روڈ پر گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔اس واقعہ کے بعد مقامی عوام میں زبردست خوف و دہشت کا احول دیکھا جارہا ہے۔لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر باہر رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ انتظامیہ کی جانب سے حالات پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔