کشمیر کے شیخ محلہ میں اسکول مقفل کرنے کیخلاف طلبہ کا احتجاج

   

سری نگر: پائین شہر کے شیخ محلہ میں قائم پبلک اسکول نقشبند کو مقفل کرنے کے خلاف اسکولی طلبا اور اساتذہ نے احتجاج کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر اسکول کو بند کیا گیا جس وجہ سے طلبہ وطالبات کا مستقبل داو پر لگ گیا ہے ۔ میڈیا نمائندوں نے بتایا کہ پریس کالونی سری نگر میں پیر کے روز ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے طلبہ وطالبات اور اساتذہ نے احتجاجی مظاہرئے کئے ۔ مظاہرین نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایاکہ نامعلوم وجوہات کی بنا پر پبلک اسکول نقشبند کو بند کردیا گیا جس وجہ سے بچوں کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں سے اسکول میں طلبا تعلیم کے نور سے منور ہو رہے ہیں لیکن بغیر کسی نوٹس کے ہی اسکول کو بند کرنے کا کوئی جواز ہی نہیں ۔ اُن کے مطابق اسکول کو مقفل کرنے سے زیر تعلیم طلبہ و طالبات سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اسکول کی عمار ت کو فوری طورپر کھولا جائے تاکہ بچے تعلیم حاصل کرسکیں ۔