کشمیر کے کولگام میں انکاونٹر‘ 6 عسکریت پسند ہلاک

,

   

مقامی عوام کا سیکوریٹی فورسیس کو بھرپورتعاون‘ ڈی جی پی کا دعویٰ

سرینگر: ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیر آر آر سوین کا کہنا ہے کہ جنوبی ضلع کولگام میں دو الگ الگ مقامات پر ہونے والے انکاونٹرس کے دوران چھ عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک مقام پر آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسند وں کے خلاف جنگ میں مقامی لوگ سیکورٹی ایجنسیوں کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔ان باتوں کا اظہار انہوں نے سری نگر میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ضلع کولگام میں دو مقامات پر جاری انکاونٹر میں 6 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے کیونکہ مزید عسکریت پسندوںکی موجودگی کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ چینی گام اور موٹر گام میں تصادم کی جگہ چھ عسکریت پسندوں کی نعشیں برآمد کی گئی ہیں اور اب ان کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال جاری ہے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ تصادم آرائی کے دوران فوج کے دو جوان بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد اس ضمن میں مزید جانکاری فراہم کی جائے گی۔آر آر سوین نے کہا کہ کولگام میں کامیاب آپریشن اور لوگوں کی حمایت سے یہ عیاں ہے کہ عسکریت پسندوں کے خلاف لڑائی بہت جلد منطقی انجام تک پہنچے گی۔ جموں صوبے کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس سربراہ نے کہا کہ گر چہ خطے میں عسکریت پسندوں کو پھر سے بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم ملک دشمن عناصر کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں صوبے میں سرگرم عسکریت پسند اور ان کے مدد گاروں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل پولیس سربراہ نے بادامی باغ سری نگر میں تعزیتی گلباری تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کولگام تصادم میں جاں بحق ہوئے فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔