کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ، علحدہ کرنا ناممکن : امیت شاہ

   

رائے گڑھ ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے کہا کہ کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے جو ملک سے علحدہ نہیں کیا جاسکتا جب تک کہ ایک بی جے پی کارکن بھی زندہ ہے جو اس کے خلاف جدوجہد کرے گا چاہے پارٹی برسراقتدار ہو یا نہ ہو۔ وہ ضلع رائے گڑھ میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکز میں مودی حکومت دوبارہ قائم ہوجائے تو دراندازوں کو ملک گیر سطح پر شناخت کرکے انہیں ملک سے خارج کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ راہول بابا کو غور سے سنیں۔ فی الحال مودی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی مہم چل رہی ہے۔ یہ کہا جارہا ہیکہ اگر وہ دوبارہ برسراقتدار آجائیں تو ملک میں آئندہ کبھی انتخابات نہیں ہوں گے۔ یہ بے بنیاد خبر ہے ۔ انہوں نے کانگریس اور نیشنل کانفرنس پر قوم دشمن ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ دستور ہند کی دفعہ 370 کی برخاستگی کے مخالف ہیں۔