کلواکرتی میں ہوئے قتل کا معمہ حل

   

سی آئی سریندر ریڈی کا پریس کانفرنس میں انکشاف
کلواکرتی۔ 14 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی حلقہ سرکل میں گزشتہ نومبر 2018ء کو ہوئے قتل کا قاتل، پولیس کی گرفت میں ہے۔ رقم کی خاطر منصوبہ بند طریقہ سے کیا گیا ،قتل رقم اور اسکوٹی پولیس نے ضبط کرلی۔ مجرم سلاخوں کے پیچھے ہے۔ سی آئی سریندر ریڈی کے مطابق پتی رام داس جوکہ سیکریٹریٹ میں ملازمت کرتے ہوئے ریٹائرڈ ہوئے تھے، جن کی اہلیہ کا انتقال ہوچکا تھا، رام داس دوسری شادی کے خواہش مند تھے۔ اسی دوران ان کی ملاقات سیندھی کی دوکان پر کوکٹ پلی سائی بابا مندر کے قریب کارپینٹر کا کام کرنے والے سمترا نگر کے رہنے والے سری راما چاری سے ہوئی جس پر رام داس نے سری راما چاری سے اپنی دیرینہ خواہش کا اظہار کیا جس پر انہوں نے عنقریب اس کی تلاش کرتے ہوئے جلد سے جلد ان کی خواہش کی تکمیل کا وعدہ کیا جبکہ رما چاری اپنی بیٹی کی شادی کیلئے فکرمند تھا اور رقم کی تلاش میں تھا جب سے رام داس سے ملاقات ہوئی تو منصوبہ بناکر انہیں کلواکرتی کے سداکل گاؤں کو لاکر انہیں شراب نوشی کرواکر دوران شراب نوشی پتھر سے اس پر قاتلانہ حملہ کیا اور بلیڈ سے گلا کاٹ کر اسے قتل کیا اور واپس حیدرآباد چلا گیا۔ آج صبح 6 بجے کے قریب راما چاری اپنی بیٹی کے رقعے تقسیم کیلئے کلواکرتی آیا ہوا تھا۔ پولیس انہیں اپنی گرفت میں لے کر شک کی بنیاد پر تفتیش کی جوکہ درست ثابت ہوئی جس پر انہوں نے قتل کا اقبال جرم کرلیا۔ جبکہ پولیس نے ان کے قبضہ سے ایک لاکھ 70 ہزار روپئے اور ایک اسکوٹی گاڑی ضبط کی بقیہ 30 ہزار انہوں نے خرچ کرلیا۔ راما چاری نے 2 لاکھ روپئے شادی پر خرچ کا بتاتے ہوئے رام داس کے اکاؤنٹ سے کوکٹ پلی برانچ سے 2 لاکھ کی رقم ڈرا کرواتے ہوئے وہاں سے سیدھا کلواکرتی پہنچے تھے۔ یہ واقعہ 5 نومبر 2018ء کی رات کا ہے جبکہ پولیس کو اس کی اطلاع 7 نومبر 2018ء کی صبح ملی تھی۔