بلند شہر گاؤکشی تشدد
پریاگ راج، 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ سال دسمبر میں ضلع بلند شہر کے سیانا کوتوالی علاقہ میں گئوکشي کے معاملہ تشدد کا کلیدی ملزم اوربجرنگ دل لیڈر یوگیش راج کی ضمانت منظور کر لی ہے ۔جسٹس سدھارتھ نے یوگیش راج کے ایڈووکیٹ اور اپرگورنمنٹ ایڈووکیٹ کی جرح سننے کے بعد بدھ کو اس کی رہائی کا حکم دیا۔یوگیش راج تین دسمبر 2018 کو بلند شہر تشدد معاملہ میں کلیدی ملزم ہے ۔ اس تشدد میں جم کر آتش زنی، پتھراؤ، توڑ پھوڑ ہوئی تھی۔ تشدد کے دوران سیانا کوتوالی انچارج سبودھ سنگھ کی موت ہو گئی تھی۔ بجرنگ دل لیڈر یوگیش راج پر بھیڑ کو اکسانے کا الزام تھا۔ ایڈووکیٹ آنندپتی تواری کا کہنا تھا کہ کیس کے دیگر ملزمان کی ضمانت منظور ہو چکی ہے ۔یوگیش راج کافی وقت سے جیل میں قید ہے ۔ اس کی بھی گذشتہ 26 اگست کو کئی دیگر دفعات میں ضمانت منظور ہو چکی ہے ۔ بعد مین شامل کی گئی تعزیرات ہند کی دفعہ 124 اے میں ضمانت ہونا باقی ہے ۔ ایڈوکیٹ آنندپتی تواری نے بتایا کہ بدھ کو سماعت کے بعد عدالت نے یوگیش راج کی ضمانت عرضی قبول کر لی۔