کل ’’حیدرآبادی فن گامہ شو‘‘ للت کلاتھورنم باغ عامہ نامپلی پر

   

سیاست شاپنگ دھوم کے 13 ویں بمپر ڈرا کی خصوصی تقریب، داخلہ مفت

حیدرآباد۔ 17 فروری (سیاست نیوز) سیاست شاپنگ دھوم کے بمپر ڈرا تقریب کے موقع پر پیش کیا جانے والا کے بی جانی کا ’’حیدرآبادی فن گامہ شو‘‘ اتوار 19 فروری کو شام 6:30 بجے للت کلاتھورنم باغ عامہ نامپلی میں منعقد ہوگا جس میں شائقین کو کئی نئے پروگرامس دیکھنے کو ملیں گے جو اُن کے دلوں کو چھولیں گے۔ ادارۂ سیاست کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی تفریح سے بھرپور فیملی انٹرٹینمنٹ شو جس کا مقصد شہریوں کو خوش و خرم رکھنا ہے، ایسے پروگراموں کے ذریعہ نہ صرف ذہنی تھکاوٹ دُور ہوتی ہے بلکہ شائقین کو تر و تازگی کے ساتھ ایک نئی توانائی کا احساس بھی ہوتا ہے۔ آج کل فلمی گانوں میں صوفیانہ طرز کو اہمیت دی جارہی ہے اور ایسے گیت جو صوفیانہ رنگ لئے ہوتے ہیں، بے حد مقبول ثابت ہورہے ہیں۔ راحت فتح علی خاں، عاطف اسلم، اریجیت سنگھ کے گائے صوفیانہ نغمے چارسو مقبولیت حاصل کرچکے ہیں، اسی وجہ سے آج کل شائقین کا مزاج بھی صوفیانہ کلام سننے پر مائل ہے چنانچہ اس بات کو ملحوظ رکھتے ہوئے فن گامہ شو میں صوفیانہ طرز کے گیتوں کو ابھارنے کی کوشش کی گئی ہے۔ جبکہ مزاح و کامیڈی تھکے ہوں ذہنوں کو جِلا دیتی ہے۔ تھوڑی سی ہنسی زندگی میں نئی تازگی کا احساس بھی دلاتی ہے۔ آج کے پریشانیوں اور مسائل کے دور میں ہنسنے اور خوشی کا کم ہی موقع ملتا ہے۔ یہ شو ، آپ کی زندگی میں مسکراہٹوں اور قہقہوں کی تلافی کردے گا کیونکہ ہمارے مزاحیہ فنکار لافٹر چمپین قادر شریف ، شہاب الدین اور شبن خان طنز و مزاح سے بھرپور اپنے ہر آئٹمس کے ذریعہ شائقین کو قہقہے لگانے پر مجبور کردیں گے۔ فن گامہ شو 2022ء دلوں کو چھو لینے والا پروگراموں میں حیدرآبادی فلم اسٹارس آر کے ماما ، عدنان ساجد خاں (گلودادا)، اکبر بن تبر کے علاوہ سوشیل میڈیا کے مشہور یوٹیوب چیانل ’’ حیدرآباد ڈائریز‘‘ فیم الطاف حیدر، ابرار، صدیقہ خالہ ، معراج فاطمہ کے علاوہ ’’کراک حیدرآبادی‘‘ کے شہباز خان، عمران خان اِمی ، ’’گولڈن حیدرآبادیز‘‘ کے عبدالرزاق ، سواتی منڈل ، سمیرا خان ، پریہ ریڈی ، زوفی مرزا ، ابو خلیل جو اپنی فلموں کے ڈائیلاگ اور کامیڈی سے بھرپور خصوصی جھلکیاں پیش کریں گے۔ موسیقی ہر عمر کے ذوق کی تسکین کرتی ہے، خاص کر فلمی نغموں کے سب ہی شیدائی ہوتے ہیں۔ حیدرآبادی پلے بیاک سنگر وجئے لکشمی ، محمد عثمان ، معین خان ، احتشام قادری، مخدوم محی الدین، صفی ملک، مرزا ارشد بیگ ، سمرن اور صوفی گلوکار عمران خاں اور اِرشاد لائف آرکسٹرا پر نئے پرانے ہٹ فلمی نغموں کے علاوہ صوفی کلام بھی پیش کریں گے۔سنٹرل پبلک اسکول خلوت کے طلبہ کا خصوصی مظاہرہ بھی شامل رہے گا۔ مذکورہ شو کی خصوصیت میں جہاں نئی تیکنک ایکوفونک ڈیجیٹل ڈالبی سسٹم ملٹی کلر فل لائٹنگ کے ساتھ ساتھ LED اسکرین سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔ پروگرام کی اینکر رخسار فاطمہ علی ہوگی۔ کوآرڈینیٹر خیرالدین بیگ جانی کے بموجب شائقین کیلئے حیدرآبادی فن گامہ شو 2022ء میں داخلے کی عام اجازت رہے گی اور شو میں شرکت کے خواہش مند افراد سے خواہش کی جاتی ہے کہ پروگرام کے آغاز سے آدھا گھنٹہ قبل اپنی نشستیں سنبھال لیں۔