نمائش سوسائٹی کا فیصلہ ، آغاز کے دن 80 فیصد اسٹالس کی تکمیل کا منصوبہ
حیدرآباد ۔5 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کل ہند صنعتی نمائش میں عوام کو داخلہ کیلئے زائد فیس ادا کرنی ہوگی۔ نمائش سوسائٹی نے یکم جنوری سے شروع ہونے والی کل ہند صنعتی نمائش کے داخلہ ٹکٹ کو 10 روپئے سے بڑھاکر 40 روپئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سوسائٹی اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ نمائش کے آغاز کے دن سے کم از کم 80 فیصد اسٹالس کارکرد ہوجائیں تاکہ عوام کو ہندوستان بھر سے آنے والے تاجروں کی اشیاء کی خریدی میں مدد ملے۔ نمائش کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور ہر سال یکم جنوری سے نمائش کا آغاز ہوتا ہے لیکن اسٹالس کی تعمیر اور افتتاح میں مزید دو یا تین ہفتوں کا وقت لگ جاتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال نمائش میں توسیع کی جاتی ہے ۔ سوسائٹی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کورونا وباء کے سبب دو برسوں میں سوسائٹی کو جو نقصانات ہوئے، اس کے سبب ٹکٹ کی قیمت میں اضافہ ناگزیر ہوچکا ہے ۔ 2021 ء میں کورونا وباء کے سبب نمائش کا اہتمام نہیں کیا جاسکا جبکہ 2022 ء میں کورونا قواعد پر سختی سے عمل آوری کے باعث نمائش کو درمیان میں ختم کردیا گیا ۔ کل ہند صنعتی نمائش میں تقریباً 1200 اسٹالس قائم کئے جائیں گے جن میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے علاوہ اترپردیش ، دہلی ، مغربی بنگال ، جموں و کشمیر ، گجرات ، مہاراشٹرا ، کرناٹک اور دیگر ریاستوں کے تاجر حصہ لیتے ہیں۔ سوسائٹی اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ ہر ہفتہ کو رات دیر گئے تک نمائش کو کھلا رکھنے کیلئے پولیس سے اجازت حاصل کی جائے۔ عام طورپر ہفتہ اور تعطیلات کے ایام میں کافی ہجوم دیکھا جاتا ہے ۔ عوام کی سہولت کیلئے ہفتہ اور اتوار کو رات دیر گئے تک نمائش میں تجارتی سرگرمیوں کی اجازت کیلئے نہ صرف عوام بلکہ تاجرین کی جانب سے دباؤ ہے ۔ ہزاروں افراد سیر و تفریح کے غرض سے نمائش پہنچتے ہیں۔ نمائش میں نیٹ ورک سسٹم کو بہتر بنانے کے لئے عارضی ٹاؤرس قائم کئے جائیں گے ۔ اس سلسلہ میں مختلف ٹیلیکام کمپنیوں سے بات چیت کی جارہی ہے۔ وزیٹرس کیلئے مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔ واضح رہے کہ 1938 ء میں عثمانیہ گریجویٹ اسوسی ایشن کی اکنامک کمیٹی نے پہلی مرتبہ نمائش مصنوعات ملکی کے نام سے نمائش کا آغاز کیا تھا ۔ آصف سابع نواب میر عثمان علی خاں نے اپنی سالگرہ تقاریب کے موقع پر 1940 ء میں باغ عامہ میں نمائش کا افتتاح کیا تھا۔ پہلی نمائش باغ عامہ میں منعقد کی گئی جبکہ 1946 ء میں نمائش میدان میں آغاز ہوا۔ پہلی نمائش کا اس وقت کے وزیراعظم تلنگانہ اسٹیٹ نے افتتاح کیا تھا جبکہ 1939 ء میں پرنس معظم جاہ بہادر نے نمائش کا افتتاح انجام دیا تھا ۔ نمائش سوسائٹی کو امید ہے کہ جاریہ سال تاجرین مقررہ وقت پر اپنے اسٹال تیار کرلیں گے۔ ر