حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بچے اب بچے نہیں رہے، زمانہ بدل گیا ہے ۔ ڈیجیٹل آلات سے کھیل اور فلمی گانوں سے دل بہلانے والے بچے اب بڑوں کی کوئی پرواہ نہیں کرتے ۔ اس طرح کے ایک واقعہ میں ایک کمسن بچہ نے اپنی ماں کے خلاف پولیس اسٹیشن میں شکایت کردی۔ واقعہ برہان پور مدھیہ پردیش کا ہے جہاں ایک تین سالہ لڑکا اپنے والد کے ساتھ والدہ کی شکایت لے کر پولیس اسٹیشن پہنچا، حا لانکہ اس حرکت کو اس کی نادانی سے تعبیر کیاجارہا ہے لیکن سوشیل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر شہریوں کے مختلف تبصرے سامنے آرہے ہیں۔ بچہ کی حرکت کو نادانی سے تعبیر کیا جارہا ہے لیکن بچہ کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچنے والے بچہ کے والد کی خوب سرزنش ہورہی ہے ۔ کئی شہری تو یہ اظہار کر رہے ہیں کہ بچہ کی آڑ میں بچہ کے والد نے اپنے منصوبہ پر عمل کیا ۔ بیوی کے خلاف وہ راست شکایت نہیں کرسکتا تھا۔ اس لئے اپنے بچہ کا سہارا لیا۔جب بچہ پولیس اسٹیشن پہنچا تو کوتوالی تھانہ انچارج بھی بچہ کی عرضی پر حیرت زدہ ہوگیا ۔ بچہ کو گھر روانہ کرنے کی خا طر اس نے بچہ کی ماں کے خلاف شکایت درج کی۔ بچہ کی شکایت تھی کہ اس کی ماں اسے مارتی ہے ۔ چاکلیٹ کھانے نہیں دیتی، ڈانٹ ڈپٹ کرتی ہے ۔ لہذا ماں کو جیل میں ڈال دو۔ بچہ کے والد کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بچہ بہت زیادہ شرارت کر رہا تھا تو اس کی ماں نے اسے ڈانٹ ڈپٹ کی اور تھپڑ رسید کیا ۔ اس بات پر اس نے ماں کو جیل بھیجنے کی دھمکی دی جس پر بچہ کے والد ہنس پڑے اور بچہ کا دل رکھنے کیلئے اسے پولیس اسٹیشن سے رجوع کیا ۔ یہ بات بچہ کے والد نے بتائی جو برہان پور مدھیہ پردیش کے ایک گاؤں کا ساکن ہے ۔ع