کمسن دو حقیقی بھائی چیک ڈیم میں غرقاب

   

میدک۔ ماسائی پیٹ میدک میں ایک دلخراش و دردناک واقعہ میں ایک ہی گھر کے دو سگے بھائی ہلدی واگو کے چیک ڈیم میں نہانے کے بہانے اترکر غرقاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ماسائی پیٹ کے محمد سمیع الدین جنہیں دو ہی لڑکے تھے 10 سالہ ارمان ، 12 سالہ ریحان جو نماز کی ادائیگی کیلئے گھر سے نکلے تھے لیکن راستہ میں مقامی دو اور ساتھیوں کے ہمراہ قریب میں واقع چیک ڈیم چلے گئے جہاں نہانے سے پہلے دونوں بھائی ارمان ، ریحان پانی میں اترے دونوں تیراکی سے واقف نہیں تھے پانی میں ڈوبنے لگے۔یہ منظر دیکھ کر دیگر ساتھی خوف و دہشت کے ماحول میں اپنے اپنے گھروں کو واپس ہوگئے۔بچے گھر نہ آنے پر والدین نے سارے گاؤں میں گھوم کر تلاش کیا لیکن بعض لوگوں کی جانب سے اطلاع ملی کہ دو لڑکے چیک ڈیم کی جانب روانہ ہورہے تھے جس پر والدین چیک ڈیم کی طرف روانہ ہوئے ان کے ہمراہ دیگر افراد بھی مدد کیلئے روانہ ہوئے۔ پولیس کو اس بات کی اطلاع دی گئی۔ پولیس نے ماسائی پیٹ جائے وقوع پہنچ کر ضروری کارروائی انجام دی۔ ایک ہی گھر کے دو معصوم بھائیوں کی موت سے سارے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مقامی ایم پی ٹی سی کرشنا ریڈی اور سری راملو گوڑ نے غم زدہ والدین کو پرسہ دیا۔