واشنگٹن :امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملاہیریس نے اپنے مخالف ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کو بزدل قرار دیا ہے۔ پینسلوانیا میں اپنی انتخابی مہم کے دوران خطاب میں ٹرمپ کو بلاواسطہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کملاہیریس نے کہا کہ 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ان کا مقابلہ بزدل امیدوار سے ہے جس کی سیاست کا محور مخالفین کو نیچا دکھانا ہے۔ اپنے خطاب میں کملاہیریس کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے غلط روایت چل پڑی ہے کہ کسی لیڈر کی طاقت اور اہلیت کا اندازا اس بات سے لگایا جائے گا کہ اس نے کسے گرایا ہے جبکہ ہمیں پتا ہے کہ پرکھنے کا اصل معیار یہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر کو پرکھنے کا معیار یہ نہیں کہ اس نے کس کو گرایا یا نیچا دکھایا بلکہ اصل معیار یہ کہ آپ کے لیڈر نے کسے اٹھایا۔ کملاہیریس نے براہ راست ڈونالڈ ٹرمپ کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص جو دوسروں کو نیچا دکھانے یا گرانے کی کوشش میں مصروف رہتا ہے وہ بزدل ہوتا ہے۔