ووکس ویگن کمپنی کا ایک لاکھ ملازمین کی تخفیف کا فیصلہ

,

   

برلن، 27 جون (یو این آئی) مشہور جرمن کار ساز کمپنی ووکس ویگن نے دنیا بھر سے ایک لاکھ ملازمین نکالنے کا فیصلہ کرکے بڑے منصوبے کی تیاری کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق جرمنی کی کار ساز کمپنی ووکس ویگن شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی، جس کے بعد کمپنی نے دنیا بھر سے اپنے 1 لاکھ ملازمین کو برطرف کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے ۔ ووکس ویگن کے سی ای او اولیور بلوم نے کمپنی کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے کی تیاری کر لی ۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ووکس ویگن کو اس وقت شدید کاروباری خسارہ اور عالمی مارکیٹ میں چینی کمپنیوں سے مقابلے کا سامنا ہے ، جس کی وجہ سے یہ تاریخی بحران پیدا ہوا۔ کمپنی نے اپنے ہی ملک جرمنی میں 4 بڑے مینوفیکچرنگ پلانٹس کو مستقل بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جسے جرمن معیشت کیلئے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے ۔ بدلتے معاشی حالات کے پیشِ نظر کار ساز کمپنی نے آئندہ 5 سالوں کے دوران اپنے سرمایہ کاری بجٹ میں 15 فیصد کمی کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ ملازمین کی برطرفی کی خبریں اور خفیہ دستاویزات سامنے آنے پر ووکس ویگن کی اعلیٰ انتظامیہ نے براہِ راست تبصرہ کرنے سے تو انکار کر دیا ہے ، تاہم کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں بقا کیلئے کمپنی کے ڈھانچے میں بڑی اور سخت تبدیلیاں ناگزیر ہو چکی ہیں۔