کم عمر لڑکی کی عصمت ریزی ، رشتہ دار گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 7 جون ۔ ( سیاست نیوز) سیل فون نے کم عمر لڑکی کی عصمت ریزی کا پردہ فاش کردیا اور ایک حیوان صفت انسان کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس نے اپنی رشتہ دار یتیم لڑکی پر جنسی زیادتی کی تھی ۔ اس ہولناک واقعہ کا انکشاف اس وقت منظرعام پر آیا جب لڑکی کے قبضہ سے سیل فون کو برآمد کرلیا گیا ۔ یتیم لڑکی ایک چلڈرنس ہوم میں رہتی ہے ۔ چلڈرنس ہوم کے عہدیدار نے لڑکی سے سیل فون برآمد کرنے کے بعد معاملہ کی اپنے طورپر تحقیقات کی اور پولیس سے مسئلہ کو رجوع کرتے ہوئے اس کی شکایت کردی ۔ پولیس نے شکایت کے بعد (15) سالہ متاثرہ لڑکی کے (29) سالہ نوجوان جو لڑکی کا قریبی رشتہ دار بتایاگیا ہے کو گرفتار کرلیا۔ لڑکی کے والدین اُس کے بچپن میں ہی فوت ہوگئے تھے اور لڑکی اپنی نانی کی نگرانی میں زیرپرورش تھی ۔ لڑکی کو چلڈرنس ہوم میں داخلہ دلایا گیا ۔ ان دنوں رحمت نگر علاقہ کے ساکن لڑکی کے رشتہ دار نے چلڈرنس ہوم پہونچکر لڑکی کو اپنے ساتھ اپنے گھر لے آیا ۔ لڑکی کے امتحانات ہونے کے سبب اُسے اپنے گھر جانے کی اجازت دی گئی ۔ رحمت نگر میں واقع اپنے مکان لانے کے بعد اس رشتہ دار نے لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی ۔ لڑکی کی عصمت ریزی کے بعد اس نے لڑکی کو ایک سیل فون دیا اور لڑکی کو دوبارہ چلڈرنس ہوم میں چھوڑ دیا ۔ لڑکی وقت ملنے پر اُس رشتہ دار سے چیاٹنگ کرتی تھی ۔ لڑکی کے پاس سے سیل فون کی موجودگی پر چلڈرنس ہوم کے عہدیدار نے اُس کی تلاشی لی اور سیل فون برآمد کیا اور وجوہات کی وضاحت کے دوران لڑکی نے سارے واقع کو بیان کردیا۔ پولیس میں شکایت کے بعد مدھورا نگر پولیس نے مختلف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے خاطی کو گرفتار کرلیا اور عدالتی تحویل میں دیدیا ۔ ع