چیف منسٹراپنی غلطی کو تسلیم کرلیں اور اراضی فروخت کرنے کے فیصلے سے دستبردارہوجائیں
حیدرآباد۔15مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے تارک راما راؤ نے سنٹرل یونیورسٹی گچی باؤلی اراضیات کے معاملے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کو اپنی غلطی تسلیم کرلینے کا مشورہ دیا۔ حکومت کے غلط فیصلوں سے آفیسرس کو جیل بھی جانا پڑسکتا ہے۔ سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد کے ٹی آر نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پیروی کرنے والے وکیل کو سپریم کورٹ نے انتباہ دیا۔ سپریم کورٹ نے ساتھ ہی کنچہ گچی باؤلی جنگلات کو نقصان پہنچانے پر ریاست کے چیف سیکریٹری کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو جیل بھیج دینے کی بھی دھمکی دی۔ ریونت ریڈی کی غلطیوں کی سزا تلنگانہ کے سرکاری عہدیداروں کو مل سکتی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریونت ریڈی کے خلاف سپریم کورٹ کی جانب سے کئے گئے ریمارکس کے بعد چیف منسٹر اپنی غلطی کو قبول کرلیں۔ سینکڑوں بلڈوزرس کے ذریعہ جس جنگل کو نقصان پہنچایا گیا، اس کو دوبارہ بحال کرنے کے اقدامات کریں، ورنہ ریونت ریڈی کو بھی سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کنچہ گچی باؤلی کی اراضی فروخت کرتے ہوئے 10 ہزار کروڑ روپئے کا اسکام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ نہ صرف کرپشن ہے بلکہ دھوکہ بھی ہے۔ تعطیلات کے دوران بلڈوزرس کو روانہ کرتے ہوئے درختوں کو نقصان پہنچانا، قانون ماحولیات کی خلاف ورزی ہے۔ چیف منسٹر کی غیرذمہ دارانہ حرکت کی وجہ سے شہر کے ماحول کو نقصان پہنچا ہے۔ اس اراضی کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت کنچہ گچی باؤلی کی اراضی کو فروخت کرنے کے فیصلے سے فوری دستبردار ہوجائے، بصورت دیگر بی آر ایس پارٹی قانونی اور عوامی جدوجہد جاری رکھے گی۔2