متاثرہ خاندان کو 1 کروڑ کا حادثاتی انشورنس، 10 لاکھ، مکان اور والدہ کو ملازمت کا اعلان
حیدرآباد، 4 نومبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی کی کنڈاکٹر پروالیکا کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موت کا سبب بننے والے مسافر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا اور سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب تک اس واقعہ کے مجرم کے خلاف اقدامِ قتل کے تحت مقدمہ درج تھا، جسے اب تبدیل کیا جائے گا۔ پونم پربھاکر نے عثمانیہ ہاسپتل کے مردہ خانہ پہنچ کر متوفی کنڈاکٹر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی والدہ سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پورا آر ٹی سی خاندان ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس موقع پر پونم پربھاکر نے انکشاف کیا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر متاثرہ خاندان کو حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے ایکس گریشیا، اندرا اماں مکان اور پروالیکا کی والدہ کو ملازمت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ آر ٹی سی اور بینک کے حادثاتی انشورنس کے تحت جملہ 1 کروڑ روپے کی رقم دی جائے گی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ آر ٹی سی کے لیے مسافروں کی فلاح و بہبود اور تحفظ جتنا اہم ہے ، اتنا ہی عملے کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے مسافرین پر زور دیا کہ وہ کسی صورت میں قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ آر ٹی سی عملہ مسافرین کو بھگوان کے برابر سمجھ کر نظم و ضبط کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے اور کسی بھی مسئلے کی صورت میں قانونی راستہ اختیار کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسافر بھگوان کی مانند ہیں، لیکن آر ٹی سی عملے پر حملے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ اگر عملے کا رویہ درست نہ ہو تو اعلیٰ حکام سے شکایت کی جا سکتی ہے۔ آر ٹی سی کے ایک رکن کا کھونا انتہائی تکلیف دہ ہے اور انتظامیہ نے ہاسپٹل میں بہتر سے بہتر علاج کی کوشش کی، تاہم افسوس کہ کنڈاکٹر پروالیکا جانبر نہ ہو سکیں۔2