اداکارہ سے سیاست داں بنی جیہ سدھا کا طنز‘جنوبی ہند کو نظرانداز کرنے کا الزام
حیدرآباد:اداکارہ سے سیاست دان بنی جیاسودھا ساؤتھ فلم انڈسٹری کا ایک جانا پہچانا نام ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے مختلف طریقوں سے حکومت پر طنز کیا ہے۔ جیاسودھا کا کہنا ہے کہ کنگنا راناوت نے 10 فلموں میں کام کیا ہے، اس کے باوجود انہیں حکومت نے پدم شری سے نوازا ہے، جب کہ ساؤتھ کی اداکاراؤں کو زیادہ فلموں میں کام کرنے کے باوجود یہ اعزاز نہیں ملتا۔ جیاسودھا کا کہنا ہے کہ حکومت ساؤتھ کے فنکاروں کو وہ عزت نہیں دیتی جس کے وہ حقدار ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ جیاسودھا امیتابھ بچن کی فلم سوریاونشم میں ان کی بیوی کے کردار میں نظر آئی تھیں۔جیاسودھا حال ہی میں ساؤتھ کی بڑی اسٹار نند کماری بالکرشنا کے ٹاک شو Unstoppable میں نظر آئیں۔اس دوران انہوں نے جنوبی اور ہندی سنیما کے درمیان امتیاز پر بات کی۔ انہوں نے کہاکہ ‘میں کنگنا راناوت کو پدم شری دینے کی حمایت کرتی ہوں۔وہ ایک شاندار فنکارہ ہیں لیکن یہ ماننا پڑے گا کہ انہیں یہ اعزاز 10 فلمیں کرنے کے بعد ہی ملا۔ ہم نے کئی فلموں میں کام کیا لیکن حکومت کی طرف سے ہمیں وہ عزت نہیں ملی۔این ٹی آر کو آج تک بھارت رتن نہیں ملا۔جیاسودھا نے مزید کہاکہ ‘وجیا نرملا جیسی خاتون ڈائریکٹر جن کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج ہے، انہیں بھی وہ عزت نہیں ملی۔ کبھی کبھی مجھے بہت برا لگتا ہے کہ حکومت ساؤتھ کے فنکاروں کی قدر نہیں کرتی۔جیاسودھا کے ساتھ ایک اور تجربہ کار اداکارہ جیا پردا بھی ٹاک شو میں شامل ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ ممبر پارلیمنٹ تھیں تو انہوں نے کئی بار حکومت سے این ٹی آر کو بھارت رتن دینے کی درخواست کی تھی اور آج بھی کر رہی ہیں۔ جیاسودھا ایک ہندوستانی فلمی اداکارہ ہے جس نے بنیادی طور پر تلگو سنیما میں کئی بڑی فلموں میں کام کیا ہے۔ 17 دسمبر 1958 کو تمل ناڈو میں پیدا ہوئیں، جیاسودھا ایک ملٹی ایوارڈ یافتہ اداکارہ ہیں جنہوں نے تمل، کنڑ، ملیالم، اور ہندی فلموں میں کام کیا ہے۔ وہ اپنی فلموں میں بہترین پرفارمنس کے لیے کئی نندی ایوارڈز اور فلم فیئر ایوارڈ ساؤتھ کی حاصل کرچکی ہیں۔ انہوں نے اکیلے تلگو میں 200 سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے۔ انہوں نے سال 2008 میں آندھرا پردیش سینگوئرز ایسوسی ایشن لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ بھی حاصل کیا۔ ایک کامیاب اداکارہ ہونے کے علاوہ، جیاسودھا سابق ایم ایل اے بھی ہیں۔ وہ سکندرآباد میں کانگریس سے وابستہ تھیں۔