کوئٹہ کی مسجد میں بم دھماکہ ،15 ہلاک

,

   

امام اور سینئر پولیس عہدیدار کے بشمول دیگر کئی مصلی مہلوکین میں شامل

کراچی 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جمعہ کی شام مغرب کی نماز کے دوران ایک طاقتور بم دھماکہ ہوا جس میں امام اور سینئر پولیس عہدیدار کے بشمول کم از کم 15 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ دھماکہ میں دیگر 20 مصلی بھی زخمی بتائے گئے۔ کوئٹہ میں 3 دن قبل ہی اِس طرح کا بم دھماکہ ہوا تھا جس میں 2 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ مغرب کی نماز کے دوران غوث آباد علاقہ میں مسجد کے اندر ہوئے دھماکہ کی نوعیت کے بارے میں فوری طور پر واضح نہیں ہوا ہے۔ تاہم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امان اللہ بھی ہلاک ہونے والے 15 افراد میں شامل ہیں۔ کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل عبدالرزاق نے یہ بات بتائی۔ بعض اطلاعات میں بتایا گیا کہ یہ دھماکہ دراصل پولیس عہدیدار کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا۔ گزشتہ ماہ ہی کوئٹہ میں نامعلوم بندوق برداروں نے ڈی ایس پی کے فرزند کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔ لاء انفورسمنٹ ایجنسیوں نے اِس علاقہ کا محاصرہ کرلیا ہے اور یہ مسجد پشتو اکثریتی علاقہ میں واقع ہے۔ ٹی وی فٹیج میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ کی شدت سے مصلیوں کے پرخچے اُڑگئے اور در و دیوان پر خون کے دھبے دیکھے گئے۔ کسی نے بھی اِس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ چیف منسٹر بلوچستان کمال خان نے اِس واقعہ کی مذمت کی۔