کوئی انڈسٹری بری نہیں ہوتی، صرف لوگ برے ہوتے ہیں

   

ممبئی، 11 جون (یو این آئی) بالی ووڈ اداکارہ کریتی کھربندا کا کہنا ہے کہ کوئی بھی انڈسٹری بری نہیں ہوتی، صرف لوگ برے ہوتے ہیں۔کریتی کھربندا نے حال ہی میں سینماٹوگرافر پرتیک شاہ کے خلاف کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی کے الزامات کے حوالے سے سخت بیان دیا ہے ۔ کسی کا نام لیے بغیر، کریتی نے اس معاملے کو وسیع تناظر میں دیکھا اور واضح کیا کہ کس طرح ایک شخص کے غلط طرز عمل کے لیے پوری انڈسٹری کو مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے۔ کریتی نے کہا کہ جیسا کہ میں دیکھ رہی ہوں، وہ ایک سنیماٹوگرافر ہیں، یہ ان کا پیشہ ہے ۔ لیکن اصل مسئلہ ان کی شخصیت کا ہے ۔ یہ کسی بھی شعبے میں ہو سکتا ہے ، کارپوریٹ، میڈیا، کہیں بھی۔ چونکہ ہم لائم لائٹ میں ہیں، اس لیے اس پر زیادہ بات کی جاتی ہے ۔ لیکن مرد اور خواتین دونوں کو اپنے کام کی جگہ پر اور کبھی کبھی گھر میں بھی ایسی چیزوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ کریتی نے کہا، جب کوئی ہماری انڈسٹری سے باہر ایسا کچھ کرتا ہے تو ہم اس کے نام یا عمر کا ذکر کرتے ہیں، نہ کہ اس کے پیشہ کا۔ لیکن جب کوئی فلم انڈسٹری سے تعلق رکھتا ہے تو پوری انڈسٹری کی بدنامی ہوتی ہے ۔