کوئی بھی ہندوستان کی طرف اب بری نظر سے نہیں دیکھ سکتا

,

   

لکھنو میں برہموس میزائل یونٹ اور ٹسٹنگ سنٹر لیب کا سنگ بنیاد‘تقریب سے راجناتھ سنگھ کا خطاب

لکھنو: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اتوار کو کہا کہ ملک کے دفاعی شعبہ کو کافی تقویت ملی ہے اور اب کوئی بھی ہماری طرف بری نظروں سے نہیں دیکھ سکتا۔ ملک کے تحفظ کے لئے ملک کو جوہری ڈیٹرنٹ کی ضرورت ہے تاکہ کچھ پڑوسیوں کو دندان شکن جواب دیا جاسکے اور انہیں یہ معلوم ہوکہ ہم ہر طرح کے حالات سے نبردآزما ہونے کے اہل ہیں۔وزیر دفاع نے آج یہاں لکھنو میں برہموس میزائل یونٹ اور ڈیفنس ٹیکنالوجی اور ٹیسٹنگ سنٹر(ڈی آر ڈی او) کے لیب کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہم برہموس میزائل دنیا میں کسی بھی ملک پر حملے کے لئے نہیں بنا رہے ہیں۔ ہم برہموس صرف اس لئے بنا رہے ہیں تاکہ ہندوستان کے دفاعی شعبے کو اتنا مضبوط اور خود کفیل بنایا جاسکے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک ہماری طرف بری نگاہیں نہ اٹھا سکے۔وزیر دفاع نے کہا کہ اب ملک کے دفاعی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے اور دفاعی برآمدات کا آغاز ہوا ہے۔ حال ہی میں ہم نے دہلی میں روس کے وزیر دفاع سے ملاقات کی اور غیر ملکی دفاعی مینو فیکچرس کو اپنی جانب راغب کرنے کے لئے تین نکاتی نیا نعرہ دیا ہے۔ اور وہ ہیں آو۔میک ان انڈیا، آو۔انڈیا کے لئے بناو، آو۔ دنیا کے لئے بناو۔انہوں نے کہا کہ برہموس کا نام ہندوستان کے برہمپتر اور روس کے موسکوا ندی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ راجناتھ نے کہا کہ اب لکھنؤ میں بی آر ڈی او برہموس جیسی میزائل کو تیار کرے گا جو کہ ہندوستان کی سیکورٹی کا ضامن ہوگا۔ آج یوپی کی معیشت میں نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔ برہموس میزائل یونٹ اور ڈی آر ڈی او لیب کا قیام یوپی کے باشندوں کو روزگار فراہم کرے گا۔اس موقع پر انہوں نے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کے ترقیاتی کاموں اور مرکزی حکومت کی اسکیمات کے نفاذ کے معاملے میں تعریف کی ۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ برہموس میزائل یونٹ لکھنو میں قائم کیا جائے گا۔ اس سے ریاست میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ دفاعی شعبے میں نیا ہندوستان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔